بھٹکل ،11 مارچ (ایس او نیوز) سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا کی ریاستی جنرل سیکریٹری اور الیکشن انچارج افسر کوڈلی پیٹے نے بتایا کہ بھٹکل اسمبلی حلقہ کے لئے ایس ڈی پی آئی نے اپنا امیدوار کھڑا کرنے کا منصوبہ بنایا ہے اور اس کے نام کا اعلان جلد ہی کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ریاست کے 224 اسمبلی حلقوں میں سے اس بار 54 حلقوں میں ایس ڈی پی آئی نے اپنے نمائندوں کو کھڑا کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ جس میں ایک حلقہ بھٹکل بھی ہے۔ آفسر کوڈلی پیٹ نے بتایا کہ اب تک 19 حلقوں کے لئے اُمیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا جاچکا ہے۔ بھٹکل سمیت دیگر حلقوں کے لئے نمائندوں کا اعلان جلد کیا جائے گا۔ آفسر کوڈلی پیٹ کے مطابق ہم مقامی سطح پر لوگوں سے بات چیت کررہے ہیں، یہاں کے مسائل کا جائزہ لے رہے ہیں، اسی طرح ایس ڈی پی آئی کے کارکنوں کے ساتھ آج بھٹکل میں اجلاس بھی بلایا گیا ہے۔ جس میں تمام اُمور پر بات چیت کی جائے گی اور بھٹکل میں اُمیدوار کس کو کھڑا کرنا ہے،ا س تعلق سے غور کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ اب تک ہم لوگ ہمارے ووٹوں سے کانگریس ، جے ڈی ایس اور بی جے پی جیسی پارٹیوں کی حکومتیں بناتے آرہے ہیں، حکومت آتی ہے اور چلی جاتی ہیں مگر عوام کے مسائل حل نہیں ہوتے ۔ گزشتہ الیکشن میں بھٹکل اسمبلی حلقہ میں سنیل نائک نے صرف فرقہ وارانہ نفرت کے زہر کے سہارے جیت درج کی تھی ۔ ان کے دور میں ترقیاتی کام پورے ہونے کی بات تلاش کرنے پر کہیں نہیں ملتی ۔ ایک طرف بی جے پی کی یہ حالت ہے تو دوسری طرف کانگریس کے گھر کا آوے کا آوا بگڑا ہوا ہے ۔ ان کے لیڈر صبح شام ایک دوسرے پر الزامات عائد کرنے میں لگے ہوئے ہیں ۔ مقامی لیڈر منکال وئیدیا اپنے کارکنان سے رابطہ میں نہ رہنے کی بات سننے میں آ رہی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ یہاں کی دونوں نیشنل پارٹیوں کی اس درگت کی وجہ سے لوگ تنگ آ گئے ہیں ۔ اس لئے عوام اس مرتبہ تبدیلی چاہتے ہیں ۔ اس پس منظر میں بھٹکل اسمبلی حلقہ کے لئے ایس ڈی پی کا امیدوار میدان میں اتارنے کی تجویز ریاستی کمیٹی کے پاس پہنچی ہے اور امیدوار کی نشاندہی کرنے کے تعلق سے کام آگے بڑھ رہا ہے ۔ جلد ہی امیدوار کے نام کا اعلان کیا جائے گا ۔
ایس ڈی پی آئی کے سیکریٹری اشرف ماچار نے بتایا کہ اب تک ایس ڈی پی آئی قومی صدر کی طرف سے دو مرحلوں میں 19 امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا جا چکا ہے اور ان حلقوں میں تشہیری کام کا آغاز ہوگیا ہے ۔ ایس ڈی پی آئی بدعنوانی، فرقہ پرستی ، ذات پات پر مبنی سیاست، سماجی تفریق، عوامی ٹیکس کے پیسوں کی مسلسل لوٹ اورخوف و دہشت کے ماحول کے خلاف ایک محاذ ہے ۔ ہمیں بابا صاحب امبیڈکر کے وضع کردہ دستور کو صحیح معنوں میں نافذ کرنے اور تمام باشندوں کو یکساں مواقع فراہم کرنے کے مقصد عوام کےمفادات میں کام کرنے والے مخلص اراکین اسمبلی کو منتخب کرنا ہے ۔ ہم مساوات اور بدعنوانی سے پاک انتظامیہ فراہم کرنے کا یقین دلاتے ہیں ۔ بلدیاتی اداروں میں جہاں ہماری پارٹی کے افراد منتخب ہوئے ہیں وہاں کی انتظامی سرگرمیوں کا اگر جائزہ لیا جائے تو آپ خود اس کا اندازہ لگا سکتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ 13 سال ایس ڈی پی آئی ملک کی 20 ریاستوں میں سرگرم عمل ہے ۔ ریاست کرناٹکا کے بلدیاتی اداروں میں 300 سے زائد ایس ڈی پی آئی کے عوامی منتخب نمائندے ذات پات اور مذہب کی تفریق کے بغیر اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں ۔